مانامہ: بحرین نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا پتہ لگانے کیلئے مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر عملدرآمد 20 فروری سے شروع ہو گا۔
بحرینی میڈیا کے مطابق بحرینی سول ایوی ایشن ادارہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے ملک میں داخل ہونے والے مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا اور نہ ہی انہیں قرنطینہ اختیار کرنا ہو گا۔
عرب نیوز کے مطابق نئی ہدایات کے بعد اب ائیرپورٹس پر صرف ایسے افراد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہی کیا جائے گا جن میں وائرس کی علامات ظاہر ہو رہی ہوں جبکہ ہر مسافر انفرادی طور پر ریپڈ ٹیسٹ کروا سکتا ہے جس کی رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں کسی بھی ٹیسٹنگ سینٹر سے پی سی آر ٹیسٹ کروایا جا سکے گا۔
بحرینی سول ایوی ایشن نے مزید بتایا کہ کورونا مثبت افراد سمیت وہ لوگ جن کی ’بی اوئیر‘ اپیلی کیشن پر ’گرین پاس‘ نہیں ہے، انہیں بھی قرنطینہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔