ملک میں مہنگائی کی نئی لہر، 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

07:39 PM, 18 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہو گیا ہے اور مجموعی طور پر 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ 18.09 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ 18.09 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

مہنگائی میں اس اضافے کے باعث کم آمدنی رکھنے والا پسماندہ طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے جبکہ غریب لوگوں کیلئے مہنگائی کی شرح 19.40 فیصد رہی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں ملک میں 28 اشیائے ضروریہ مہنگی، 11 اشیائے ضروریہ سستی جبکہ 12 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دودھ، دہی، خشک آٹا، آگ جلانے والی لکڑی، ماچس، چاول، چائے کی پتی، سرسوں کا تیل، چکن، مٹن، بیف، ٹماٹر، لہسن، کھانا پکانے کا گھی، دال مسور، دال چنا، ٹوائلٹ سوپ، کپڑا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ 
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں پیاز، آٹا، آلو، انڈے، چینی، گڑ، ایل پی جی، دال ماش اور دال مونگ سمیت 11 اشیاءکی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔

مزیدخبریں