واشنگٹن: مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کیخلاف بہترین اقدامات پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں جلد پولیو کے خاتمے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر بل گیٹس نے ٹوئٹ کی جس میں وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر سیر حاصل گفتگو پر عمران خان کا شکرگزار ہوں ، انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں انسداد پولیو کے حوالے سے ہونیوالے اقدامات متاثر کن ہیں، امید ہے پاکستان جلد پولیو کے موذی مرض سے نجات پا لے گا۔
Thank you @ImranKhanPTI for the productive discussions on the steps being taken in Pakistan to eliminate polio. I’m encouraged by the country’s commitment to eradication and am optimistic that if everyone remains vigilant, we can #endpolio. pic.twitter.com/cMAw3ZfDxr
— Bill Gates (@BillGates) February 17, 2022
واضح رہے کہ بل گیٹس نے گزشتہ روز پاکستان کا دورہ کیا جہاں وزیراعظم ، صدر مملکت سمیت اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقاتیں کیں۔
بل گیٹس کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے ہونے والے اقدامات ، پیشرفت اور درپیش چیلنجز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔جس پر مائیکروسافٹ کے بانی نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔
بل گیٹس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بہتر اقدامات، والدین اور ہیلتھ ورکرز کے تعاون کے باعث پاکستان گزشتہ ایک برس سے پولیو فری ہے جو کہ خوش آئند ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
بل گیٹس نے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران این سی او سی کے ہیڈ کوارٹرز اور چک شہزاد میں پاکستان پولیو پروگرام کا دورہ بھی کیا ۔
حکومت پاکستان نے بل گیٹس کو انسداد پولیو کے حوالے سے خدمات پر ہلال پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا۔