رضوان اور روسو کی دھواں دار بیٹنگ، کوئٹہ کو جیت کیلئے 246 رنز کا ہدف 

04:38 PM, 18 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 246 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ رواں سیزن میں یہ کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا جانے والا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے 119 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر شان مسعود 57 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 
ابتدائی نقصان کے بعد کریز پر آنے والے ریلی روسو نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر یادگار اننگز کھیلی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں صرف 39 گیندوں پر 103 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 222 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر نسیم شاہ نے ریلی روسو کو افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ کروا کر شاندار اننگز کا خاتمہ کر دی۔ وہ 26 گیندوں پر 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنا سکے۔ 
دوسری جانب محمد رضوان کے بلے سے رنز اگلنا بند نہ ہوئے جنہوں نے 54 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور یوں ملتان سلطانز کی ٹیم کوئٹہ مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 25 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے غلام مدثر سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 56 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کی اور نسیم شاہ نے 4 اوورز میں 41 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عرفان بھی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 

مزیدخبریں