پنڈ دادنخان : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ جو لوگ عدم اعتماد لانے جارہے ہیں ان پر گھروالے بھی اعتمادنہیں کرتے، گھر والے ان کو پیسے نہیں دیتے کہیں لے کر لندن نہ نکل جائیں۔
پنڈدادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن سے لانگ مارچ تو کیا واک بھی نہیں ہونی ، یہ اپنے پاؤں پر بھی کھڑے ہونے کیلئے سہارے ڈھونڈتے ہیں۔ انہوں نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مدارس کے بچوں کے ساتھ حکومت نہیں گرائی جاسکتی۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کو مشورہ ہے کہ لاہور، کراچی سے میئر کا الیکشن لڑلیں۔ انہوں نے لیگی صدر کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف جتنے بھی بہانے کرلیں اب احتساب کےعمل سےبچ نہیں سکیں گے۔