صحافی اطہر متین کا قتل، وزیر اعظم کی ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت

صحافی اطہر متین کا قتل، وزیر اعظم کی ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے صحافی اطہر متین کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کر دی ۔

اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی اطہر متین کے قتل پر اظہار افسوس کیا اور چیف سیکرٹری سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی کا ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ایک بہیمانہ واقعہ ہے جس کی پرزور مذمت کرتا ہوں ۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی اطہر متین کو ڈاکووں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا ہے ۔

ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ڈاکووں نے سینئر صحافی کو نارتھ ناظم آباد میں لوٹنے کی کوشش کی اور صحافی نے بھرپور مزاحمت کی اور گاڑی سے ڈاکوؤں کو ٹکر بھی ماری جبکہ ڈاکووں نے واردات ناکام ہوتے دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر صحافی جاں بحق ہو گیا ۔

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ واردات کے شواہد جمع کر لیے اور مزید جانچ پڑتال کر رہے ہیں ۔ جائے وقوعہ کا جائزہ لینے والی ٹیم کے مطابق ڈاکووں نے 3 فائر کئے اور اطہر متین کو ایک گولی لگی جبکہ واردات کے مقام سے 30 بور کے 3 خول ملے ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کا سراغ لگا لیا اور موٹر سائیکل بلوچستان کے علاقے خضدار سے 2020 میں خریدی گئی جو محمد جہانگیر کے نام پر ہے اور موٹر سائیکل 125 سی سی ہے لیکن دستاویزات میں 70 سی سی سامنے آئی ہے ۔ موٹر سائیکل کے چیسز میں بھی ردو بدل کیا گیا ہے ۔