اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا گزشتہ دس سالوں سے پاکستان اور مصر کے تعلقات جو تعطل کا شکار تھے وہ اب از سر نو بحال ہو چکے ہیں۔
دورہ مصر اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے ایک بیان میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا دورہ مصر 9 سال کے بعد ہو رہا ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ گذشتہ دس برس سے پاکستان اور مصر کے تعلقات جو تعطل کا شکار تھے وہ بحال ہو گئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا میری کل مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کیساتھ بہت اچھی نشست ہوئی اور انہوں نے پاکستان کیلئے گرانقدر جذبات کا اظہار کیا اور وزیر اعظم عمران خان کو سراہا۔ مصری صدر نے مسلم امہ کے حوالے سے اپنے ویژن کا اظہار کیا اور میں نے علاقائی اور خطے کی صورتحال ان کے سامنے رکھی۔ میری مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ اس ملاقات میں ہم نے مشاورت کے ساتھ آئندہ کیلئے ایک جامع “روڈ میپ” ترتیب دیا ہے۔ دورے کے بعد مارچ میں اسلام آباد میں پاکستان اور مصر کے مابین اعلیٰ سطحی سیاسی کمیشن مشاورتی اجلاس ہو گا جبکہ اپریل کے دوسرے ہفتے میں ہمارے جوائنٹ چیف آف سٹاف مصر جائیں گے اور ہمارے دفاعی تعلقات کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا مصر کے وزیر خارجہ ماہ رمضان کے بعد پاکستان تشریف لائیں گے اور میرے ہمراہ مشترکہ وزارتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس کے علاؤہ مئ جون میں منعقد ہونیوالی ہوا بازی کی مشقوں میں پاکستان کو مدعو کیا گیا ہے اور پاکستان ان مشقوں میں شریک ہو گا۔ مصری وزیر خارجہ سے ملاقات کے نتیجے میں کافی اچھی پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان کی انگیج افریقہ پالیسی اور پاکستان کی ترسیلات میں اضافے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کی سطح پر مصر کی معاونت درکار تھی اس پر انہوں نے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے جبکہ روابط کے فروغ اور مشترکہ روڈ میپ پر ہمارا اتفاق ہوا ہے۔ معاشی سفارت کاری کے حوالے سے پاکستان اور مصر کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے مصر کی معروف کمپنی السویدی گروپ کا ایک بڑا وفد بہت جلد پاکستان آ ئے گا ۔