لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ضمنی انتخابات کا عمل پرامن اور شفاف ہونا چاہیے، ووٹوں کی ایجنٹس کے سامنے گنتی ہونی چاہیے، چیف الیکشن کمشنر سے اپیل ہے گنتی کے موقع پر ایجنٹ موجود ہوں۔
رانا ثناء اللہ کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسی کوئی کوشش ہوئی جس میں غیر ذمہ داری نظر آئی تو احتجاج کریں گے۔ قانون کے مطابق کوئی بھی غیر متعلقہ شخص پولنگ سٹیشن میں داخل نہیں ہو سکتا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ فارم 45 کے بغیر رزلٹ نہیں لیں گے، پریذائیڈنگ آفیسر نے فارم 45 بھرے بغیر رزلٹ دیا تو احتجاج کریں گے۔ انتظامیہ بھی ضمنی انتخاب کو کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
اس موقع پر انہوں نے حکمرانوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چور، چور کا شور مچانے والا ٹولہ پکڑا جا چکا ہے۔ عوام جانتے ہیں چوروں کے ٹولے نے اربوں روپے کی چینی کھائی ہے۔ عوام کو یہ بھی معلوم ہے چوروں کے اس ٹولے نے کروڑوں کا آٹا کھایا ہے۔ عوام کی چوروں کے اس ٹولے سے متعلق کنفیوژن دور ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز جب ڈسکہ جلسے کیلئے گئیں عوام نے بھرپور استقبال کیا۔ مریم نواز سے ملاقات میں بھی لوگوں نے برملا کہا کہ نااہل حکومت سے جان چھڑائیں۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی کسی حرکت سے ضمنی الیکشن والے علاقوں میں کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو وہ ذمہ دار ہوگی۔ جو آفیسر لا اور میرٹ پر بات کرتا ہے، حکومت اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ آفیسرز سے کہتا ہوں کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی دباؤ میں نہ آئیں۔