سینیٹ انتخابات: الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے

01:45 PM, 18 Feb, 2021

کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کیلئے حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے ہیں۔

تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا سینیٹ انتخابات کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمیشن آفس سندھ پہنے تو اس موقع پر پارٹی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر سیاسی کارکنوں کے درمیان کچھ تلخی کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے اس موقع پر ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے سیاسی مخالفین کے درمیان لڑائی جھگڑے کو روکا جس سے صورتحال کشیدہ ہونے سے بچ گئی۔

یاد رہے کہ فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر خود ان کی اپنی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت اسلام آباد میں تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹ انتخابات کیلئے پارٹی کی جانب سے دیئے گئے ووٹوں پر نظر ثانی کی گئی۔

تاہم وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی جانب سے تمام تحفظات اور خدشات کو رد کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ دینے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

مزیدخبریں