سینیٹ انتخابات: ن لیگ کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد

01:07 PM, 18 Feb, 2021

اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے ہیں۔ پرویز رشید پنجاب ہاؤس کے نادہندہ تھے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید نے الزام عائد کیا کہ میں تنقید کرتا ہوں، اس لئے مجھے سینیٹ انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان سے تنقید برداشت نہیں ہوتی۔ میرے خلاف جعلی ڈیمانڈ بنائی گئی۔

پرویز رشید نے اعلان کیا کہ میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل میں جاؤں گا۔

دوسری جانب اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے کیونکہ الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے ہیں۔

حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا گیا تھا جس پر ریٹرننگ آفیسر نے گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جسے آج صبح سنایا گیا۔ الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انھیں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا اہل قرار دیدیا ہے۔

ادھر مسلم لیگ (ن) نے بھی پی ٹی آئی رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی مسترد کروانے کیلئے کمر کس لی ہے۔

فیصل واوڈا الیکشن کمیشن کے آفس پہنچے تو اس موقع پر لیگی اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان کشیدگی نظر آئی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی دیرینہ دوست فرحت شہزادی نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔ انہوں نے خواتین کی مخصوص نشست پر اپنے کاغذات جمع کروائے تھے۔ تاہم اب انہوں نے انھیں واپس لے لیا ہے۔

سیاسی مخالفین کی جانب سے جب فرحت شہزادی کے کاغذات نامزدگی پر تنقید کی گئی تو معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ان کا بھرپور دفاع کیا تھا۔

مزیدخبریں