اسلام آباد: گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ آج انتہائی خوشی کا دن ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس نے ترسیلات زر کیلئے 500 ملین ڈالر کا ٹارگٹ حاصل کرلیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں رضا باقر کا کہنا تھا کہ سیٹٹ بینک نے جو اقدامات کئے اس سے پہلے نہیں کئے گئے۔97 ممالک سے اوورسیز پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوائے، اس سے ترسیلات زر کیلئے پانچ سو ملین ڈالر کا ٹارگٹ حاصل کرلیا ہے۔
رضا باقر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانی اپنا اکاؤنٹس گھر بیٹھ کر استعمال کر سکتے ہیں۔ ہم انھیں سرمایہ کاری کیلئے سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ خوشی ہے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ اندازے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد 70 سے 90 لاکھ ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو آزمائیں۔ صرف 5 ماہ میں 97 ممالک سے 88 ہزار اکاؤنٹ کھولے گئے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے فنڈز میں تیزی آ رہی ہے۔
ان کا کہان تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی وجہ سے سرمایہ کاری میں آسانی ہوگی۔ اوورسیز پاکستانی رئیل سٹیٹ اور کنسٹرکشن میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔