لاہور : پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) 6کا ترانہ " گروومیرا" نیا ریکارڈ بنانے کے لیے قریب پہنچ گیا ہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق نصیبو لال کا گایا ہوا پی ایس ایل 6 کاترانہ سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے ۔ریلیز ہونے کے دس روز بعد ایک اور نیا ریکارڈ بنانے کے قریب پہنچ گیا ہے ۔
ویوورز کی رفتار کو دیکھتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ پی ایس ایل 6 کا ترانہ آج یوٹیوب پر اپنے ایک کروڑ ویوز پورے کرلے گا،جو تیز ترین ایک کروڑ ویوز کا ریکارڈ ہوگا۔ یوٹیوب پر گزشتہ بارہ روز میں اس ترانے کو اٹھانوے لاکھ نوے ہزار سے زائد ویوز مل چکے ہیں ، جبکہ اس کو تین لاکھ سےزائد لائیکس اور ایک لاکھ پینسٹھ ہزار سے زائد ڈسلائیک ملے ہیں ۔
پی ایس ایل کے اس ترانے نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی ۔ پی ایس ایل اینتھم معروف پنجابی گلوکارہ نصیبو لال ، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ، ینگ سٹنرز نے مل کرگایا ہے ۔ جبکہ زلفی اور عدنان ڈھول نے اسے کمپوز کیا ہے ۔
پی ایس ایل پانچ کے ترانے کے تیار ہیں کو ایک لاکھ چالیس ہزار لائیکس اور ایک لاکھ کے قریب ڈس لائیکس ملے تھے ۔ علی ظفر جنہوں نے پی ایس ایل کے پہلے تینوں ایڈیشن کے ترانے گائے تھے لائیکس کی دوڑ میں وہ بھی نصیبولال سے پیچھے رہ گئے ہیں ۔
مقبول ترین پی ایس ایل ترانے اب کھیل جمے گا نے دو لاکھ لائیکس حاصل کیے ہیں ۔ لیکن حیران کن طور پر اس کے ڈس لائیک کی تعداد صرف اور صرف 8 ہزار ہے ۔