کراچی میں 4 افراد کے قتل کا معاملہ، خاتون ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا  

10:21 AM, 18 Feb, 2021

کراچی: شہر قائد میں رواں ماہ 4 افراد کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے اس کیس میں ایک خاتون ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون کے کہنے پر ہی قتل کی یہ واردات رونما ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ قتل کا یہ واقعہ کراچی کے علاقے گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹرز کے قریب پیش آیا تھا۔

پولیس کی جانب سے تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاک کالونی کی رہائشی سویرا نامی ٹک ٹاکر کا مقتولہ مسکان سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس نے اتنا طول پکڑا کہ اس سے چار افراد کا قتل ہو گیا۔ سویرا نامی اسی ٹک ٹاکر نے کیس کے ملزم رحمان کو فون کرکے بلایا تھا جس نے مقتولین پر فائرگ کی اور انھیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تاہم پولیس کیس کے اہم ملزم رحمان کو گرفتار کرنے میں ابھی تک ناکام ہے۔

واضح رہے کہ پولیس کی تفتیش میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ ٹک ٹکر مسکان کیساتھ دیگر قتل ہونے والے تینوں افراد کا پہلے سے کریمنل ریکارڈ تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم کا پورا نام رحمان فقیر خان نے جو تاحال روپوش ہے۔ اس کیخلاف کراچی کے کئی تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ ملزم رحمان خان کیخلاف پولیس مقابلوں، بچے کیساتھ زیادتی، پولیس اہلکاروں پر حملوں اور انسداد دہشتگردی سمیت دیگر کئی مقدمات بھی درج ہیں۔

مزیدخبریں