اسلام آباد: اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ سینیٹ الیکشن کیلئے ادائیگیوں کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ دبئی سے ہنڈی کے ذریعے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔
سپریم کورٹ کے روبرو اپنے بیان میں اٹارنی جنرل نے دعویٰ کیا کہ کچھ لوگ وفاقی دارالحکومت کے اندر پیسوں سے بھرے ہوئے بیگز لئے بیٹھے ہیں۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے یہ اہم بات گزشتہ روز سپریم کورٹ کے روبرو ایوان بالا کے انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے بارے صدارتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق سٹیٹ بینک سے پیسہ ٹرانسفر نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے۔
خالد جاوید خان نے سپریم کورٹ میں دیئے گئے اپنے تاریخی بیان میں کہا کہ وہ اس بارے میں عدالت عالیہ کو بتا سکتے ہیں کہ کچھ افراد وفاقی دارالحکومت کے اندر پیسوں سے بھرے ہوئے نوٹ لئے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ الیکشن کیلئے ادائیگیاں کرنے کیلئے اس بار طریقہ کار بدل کیا جا چکا ہے، اب لوگ ہنڈی کے ذریعے متحدہ عرب امارات سے پیسے بھیج رہے ہیں اور اس کا ریٹ تک بڑھا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب خبریں ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دیئے گئے بیان کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے اندر جو بیان دیا ہے اس کی ثبوتوں کیساتھ وضاحت کریں۔