کراچی:پولیس نے تصدیق کی ہے کہ کیماڑی میں اب تک 9 شہریوں کی موت کا سبب بننے والی ہوا میں آلودگی کراچی بندرگاہ پر بحری جہاز سے سویابین کی آف لوڈنگ سے پیدا ہورہی تھی اور یہ اپلوڈنگ اب رکوادی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جہاز سے سویابین اتارنے کے دوران غیرمعمولی ڈسٹ ہوا کے ذریعے قریبی آبادی کو متاثر کر رہا تھا، یہ کام دن میں بھی جاری رہتا تھا لیکن ہوا تیز نہ ہونے کی وجہ سے یہ ڈسٹ آبادی کو متاثر نہیں کر رہا تھا، شام کو ہوا چلنے اور رخ آبادی کی طرف ہونے کی وجہ سے لوگ متاثر ہو رہے تھے۔پولیس حکام کے مطابق سویابین کی آف لوڈنگ روکنے سے آج شام علاقے کی مانیٹرنگ ہوگی، آج شام ہوا میں آلودگی رک گئی تو ذمہ داری سویابین کے بحری جہاز پر عائد ہوسکتی ہے۔ سویابین کی آف لوڈنگ رکنے سے علاقے میں آلودگی نہ رکی تو متبادل وجوہات جاننے کا کام شروع ہوگا۔
کراچی پولیس کے ایک اعلی پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بحری جہاز سے سویابین کے بھی نمونے لیے گئے ہیں جس کی رپورٹ ملنے کا امکان ہے، اس رپورٹ کا علاقے سے لیے گئے سیمپل اور متاثرین کے خون کے نمونوں کے سیمپل سے موازنہ کیا جائے گا۔پولیس حکام کے مطابق اب تک 9 جاں بحق اور 180 متاثر میں 90 فیصد افراد کیماڑی کے ایک ہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ریلوے کالونی، مسان روڈ، ڈاکس کالونی، تارا چند روڈ جیکسن مارکیٹ زیادہ متاثر ہوئے جب کہ نگینہ پولیس لائن، کچی پاڑہ، کسٹمز کوارٹرز کی آبادیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی کمشنر کے توسط سے کے پی ٹی کا تمام آپریشن روکنے کی درخواست کی گئی ہے۔