پلوامہ حملہ: ’دہشت گردی کا کوئی ملک نہیں ہوتا:نوجوت سنگھ سدھو

پلوامہ حملہ: ’دہشت گردی کا کوئی ملک نہیں ہوتا:نوجوت سنگھ سدھو
کیپشن: image by facebook

ممبئی :بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پلوامہ کے علاقے میں بھارتی سیکیورٹی فورسز پر حملے کے بارے میں بھارت کے صوبہ پنجاب کے سیاستدان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے بیان پر انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا اور اس کی پاداش میں ایک ٹی وی چینل نے انھیں ایک کامیڈی شو سے بھی علیحدہ کر دیا ہے۔

پلوامہ کے علاقے میں ہونے والے شدت پسند حملے کے بعد سدھو نے کہا کہ کیا مٹھی بھر لوگوں کی وجہ سے کسی ملک کو یا کسی ایک شخص کو قصوروار ٹھہرایا جا سکتا ہے؟میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے لیے ذمہ دار لوگوں کو سزا ملنی چاہیے، گالیاں دینے سے کچھ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی ملک نہیں ہوتا، شدت پسندوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، کوئی ذات نہیں ہوتی۔بدھ کے روز پلوامہ کے لیتھ پورہ میں شدت پسندوں نے سی آر پی ایف کے جوانوں کے ایک قافلے کو ہدف بنایا۔ اس حملے میں بارود سے بھری ایک گاڑی کو سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی سے ٹکرا دیا گیا جس سے خوفناک دھماکہ ہوا۔ حملے میں سی آر پی ایف کے کم از کم 46 جوان ہلاک ہو گئے۔