اسلام آباد: عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کا نیا باب شروع ہو رہا ہے اور دوست ملک کے سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کریں گے۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سعودی معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اہم ہے۔ دوست ملک پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر مشکور ہیں اور سعودی عرب پاکستان کے ترقی کے سفر میں شریک ہے۔ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سہولتیں فراہم کرینگے۔
سعودی وزیر تجارت نے اس موقع پر کہا پاکستان سے تعلقات ایک نئے جہت پر پہنچ رہے ہیں اور سعودی عرب اور پاکستان مختلف مسائل اور چیلنجز سے ملکر نمٹ سکتے ہیں۔ دورے میں پاکستان کے ساتھ مختلف مسائل اور چیلنجز پر بات ہوئی۔
انہوں نے کہا سعودی عرب اور پاکستان کے تذویراتی تعلقات خطے کیلئے اہم ہے اور باہمی روابط سے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا جبکہ توقع ہے پاکستان ایک مستحکم اور ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا۔