لاہور: احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت 10 ملزمان پر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل ریفرنس میں فرد جرم عائد کر دی۔
احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد شہباز شریف سمیت 10 ملزمان پر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں فرد جرم عائد کی۔
شہباز شریف کی پیشی کے مد نظر احتساب عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ عدالت کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں آنے سے روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس، اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔
نیب نے شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو گرفتار کیا جنہیں 4 ماہ اور 14 روز بعد ضمانت پر رہا کیا گیا۔
نیب کے مطابق شہباز شریف پر الزام ہے کہ انھوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ اسکیم کے لیے لطیف اینڈ کمپنی کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کے پیراگون کی پراکسی کمپنی 'کاسا' کو دلوا دیا۔