ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آج وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان کے ساتھ ناشتہ کریں گے۔ سعودی مہمان آج صدر پاکستان عارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ پاکستان زبردست قیادت کے باعث روشن مستقبل رکھتا ہے اور 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کا پہلا مرحلہ مکمل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا اور یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت آگے بڑھے گا۔
سعودی ولی عہد نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے پاکستان میں ایسی ہی قیادت کے آنے کا انتظار کر رہے تھے اور آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید پروان چڑھیں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ بھی کہا کہ انہیں سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھا جائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب ہر ضرورت اور مشکل میں ہمارے ساتھ رہا ہے۔ انہوں نے عازمین حج کو پاکستان میں امیگریشن کی سہولت دینے اور سعودی عرب میں معمولی جرائم میں قید 3 ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جواب دیا کہ پاکستان کو انکار نہیں کر سکتے جو ممکن ہوا کریں گے۔