کراچی : پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین کو اپنی ادھوری تعلیم مکمل کا خیال ستانے لگا۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ادھوری ایل ایل بی کی تعلیم مکمل کرنے کا ارادہ کررہی ہیں، اور ایسا محسوس ہو رہا ہے، جیسے وہ اس حوالے سے کافی سنجیدہ ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'میں جو شروع کروں اسے ختم کرنے پر بھروسہ رکھتی ہوں، اور ایسا نہ کرپاوں تو میں خود کو کمزور محسوس کرتی ہوں، میں نے کبھی بھی تعلیم کو نوکری حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں سمجھا، میرے لیے تعلیم حاصل کرنا عمل میں اضافہ کرنا ہے، جہاں میں اپنے کیریئر کو بہتر کررہی ہوں، وہیں اپنے علم میں بھی اضافہ کر رہی ہوں'۔
انہوں نے وکالت کا انتخاب کرنے کے حوالے سے کہا کہ 'وکالت کی تعلیم کا انتخاب کرنے سے قبل، میں نے 6 ماہ میڈیسن کی تعلیم بھی حاصل کی، اس کے بعد میں نے مزید 6 ماہ کے لیے فیشن ڈیزائننگ بھی سیکھی، میں کچھ ایسا کرنا چاہتی تھی جو مجھے متاثر کرے، اور آخر کار وکالت نے مجھے متاثر کیا'۔