آزادکشمیر میں بارش اور برف باری کا ایک نیا سلسلہ شروع

04:53 PM, 18 Feb, 2017

مظفرآباد: آزادکشمیر میں بارش اور برف باری کا ایک نیا سلسلہ شروع،وادی نیلم،وادی لیپہ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں برفانی تودے گرنے سے بند،وادی نیلم کا بالائی ترین اور آزادکشمیر کی آخری حد یونین کونسل گریس میں ایک درجن کے لگ بھگ دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔جبکہ ہلمت،تائو بٹ اور نکرو کا زمینی رابطہ دو ماہ سے مسلسل بند ہے۔شدید بارشوں اور برف باری کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جہاں پر بنیادی انسانی ضروریات کا شدید فقدان ہے۔شدید سردی کے باعث ان علاقوں میں بیماریاں بھی پھوٹ پڑی ہیں۔جبکہ وادی لیپہ کے علاقہ بتھواڑ گلی کے مقام پر گزشتہ رات سے لیپہ مظفرآباد شاہراہ مکمل طورپر بند ہے جہاں 17گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔یہ مقام سطح سمندر سے 10ہزار فٹ بلند ہے جہاں شدید سردی میں ڈرائیوروں اور مسافروں نے کھلے آسمان تلے رات گزاری، محکمہ شاہرات ابھی تک ان علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے نہیں پہنچ سکی ہے۔

دوسری جانب آزادکشمیر کے اضلاع مظفرآباد،نیلم،ہٹیاں بالا،باغ اور راولاکوٹ میں مزیددوروز تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔جہاں پر اچانک  بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے۔

مزیدخبریں