پی ٹی اے نے 58 لاکھ غیر فعال سمز بلاک کر دیں، غیر قانونی سمز کے خلاف کریک ڈاؤن

08:32 PM, 18 Dec, 2024

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں 58 لاکھ سے زائد غیر فعال سمز بلاک کر دی ہیں۔ یہ اقدام مالی سال 24-2023 کے دوران غیر قانونی سمز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔

پی ٹی اے کے اعلامیہ کے مطابق، غیر قانونی سمز کے خلاف مختلف شہروں میں 40 چھاپے مارے گئے، جن کے دوران 7,500 سمز اور 152 بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم ڈیوائسز قبضے میں لی گئیں۔

ان کارروائیوں کے دوران 47 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ چھاپے پنجاب، سندھ، اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں، جن میں قصور، کھاریاں، سیالکوٹ، لاہور، پشاور، پنوعاقل، کشمور، سکھر، شیخوپورہ، شرقپور شریف، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال اور حسن ابدال شامل ہیں، میں کیے گئے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور ٹیلی کمیونیکیشن کے نظام کو محفوظ بنانے کے لیے جاری رہیں گی۔
 
 

مزیدخبریں