یونان میں کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد 40 ہو گئی، لاپتہ افراد مردہ قرار

07:02 PM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: یونان میں حالیہ کشتیوں کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے، جب کہ یونان کے کوسٹ گارڈ نے سمندر میں ریسکیو آپریشن ختم کرتے ہوئے لاپتہ افراد کو مردہ قرار دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یونان میں مختلف کشتیوں کے 3 حادثات میں 35 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد مجموعی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ لیبیا میں ابھی بھی 5 ہزار کے قریب پاکستانی موجود ہیں، جو یورپ جانے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ افراد قانونی طور پر پاکستان سے ویزہ لے کر لیبیا پہنچے ہیں۔

یاد رہے کہ 3 دن پہلے یونان کے جزیرہ کریٹ کے جنوب میں کشتیاں الٹنے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں 5 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی، جن میں ایک پاکستانی شہری بھی تھا۔ اس کے بعد گزشتہ روز مزید 4 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی، اور درجنوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں بچائے جانے والوں میں 47 پاکستانی شامل ہیں۔

مزیدخبریں