وزیر خزانہ کا مڈل مین کے کردار کا ذکر، مرغی اور دالوں کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کی وجہ بیان  کردی

06:55 PM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  مرغی اور دالوں کی قیمتوں میں کمی مڈل مین کے کردار کی وجہ سے نہیں ہو رہی۔

شہر اقتدار میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں معاشی ترقی کی اہم کامیابیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ 10 سال بعد سرپلس ہونا ایک اہم پیشرفت ہے، اور ترسیلات زر میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ ترسیلات زر 35 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی اور برآمدی شعبے میں بھی بہتری آئی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مہنگائی ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے اور سٹیٹ بینک نے پانچویں بار پالیسی ریٹ میں کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ کا 13 فیصد پر آنا معیشت کے لیے اہم ہے اور کاروباری برادری میں اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی سی میں ایک ماہ قبل مہنگائی کا جائزہ لیا گیا تھا، اور آج کے اجلاس میں قیمتوں میں کمی کو اولین ایجنڈا بنایا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مڈل مین کے کردار کے باعث مرغی اور دالوں کی قیمتوں میں کمی نہیں ہو پارہی۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ حکومت قیمتوں پر نگرانی جاری رکھے گی۔

مزیدخبریں