لندن: برطانیہ میں ایک نایاب گول انڈا حال ہی میں 200 برطانوی پاؤنڈز (تقریباً 70 ہزار پاکستانی روپے) میں نیلام ہوا۔ یہ انڈا برک شائر کے لیمبورن سے تعلق رکھنے والے ایڈ پاونیل کا تھا، جنہوں نے اسے 150 پاؤنڈز میں خریدا تھا اور بعد ازاں اسے "Iuventas فاؤنڈیشن" کو عطیہ کر دیا، جو آکسفورڈ شائر میں نوجوانوں کی ذہنی صحت اور رہنمائی فراہم کرنے والا خیرات ادارہ ہے۔
فاؤنڈیشن کے نمائندے نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انڈے کی نیلامی کی پیشکش مذاق لگ رہی تھی، لیکن جب انڈے کی حقیقت سامنے آئی اور میڈیا میں اس کی اشاعت ہوئی تو ادارے نے اسے نیلام کرنے کا فیصلہ کیا۔
نیلامی سے حاصل شدہ رقم 13 سے 25 سال کے نوجوانوں کی دماغی صحت کی امداد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ فاؤنڈیشن نے کہا کہ اس سے ان کا کام مزید مستحکم ہوگا اور وہ مزید نوجوانوں تک پہنچ سکیں گے۔