مسلم لیگ (ن) کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہونے کی تجویز

04:54 PM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کے لیے سنجیدگی دکھانے کی تجویز دی ہے، اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو حکومت سے پہلے اپنے اندر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے اور عمران خان سے بات چیت کرنی چاہیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ’’پی ٹی آئی کو پہلے اپنے اندر سے یکسوئی پیدا کرنی چاہیے، سات لوگ آپس میں بیٹھ کر طے کریں کہ وہ کیا چاہتے ہیں، اس کے بعد وہ عمران خان کے پاس جائیں اور انہیں قائل کریں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں ان سے مذاکرات کرنے میں کوئی اعتراض نہیں، مگر یہ ضروری ہے کہ پہلے عمران خان سے بات کی جائے تاکہ وہ سمجھیں کہ کیا کرنا ہے۔‘‘

اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے سنجیدہ بیانات نہیں آتے، اور یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔ ’’اگر پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کی خواہاں ہے، تو ہم اس کے لیے تیار ہیں، مگر ابھی تک ایسا کچھ نہیں دکھائی دے رہا۔‘‘

مزیدخبریں