کراچی: پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے کھلے سمندر میں ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ تین مختلف کارروائیوں کے دوران 39 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ کسٹمز انفورسمنٹ کے کلکٹر معین الدین وانی کو خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد، ایڈیشنل کلکٹر باسط حسین اور اسسٹنٹ کلکٹر شہزاد علی کی قیادت میں ٹیم نے بحیرہ عرب میں کارروائیاں کیں۔
کارروائیوں کے دوران الصدف، الرحمٰن اور الشیران نامی تین لانچوں سے سمگل ہونے والا ایرانی ڈیزل ضبط کیا گیا۔ کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ ڈیزل اور لانچوں کی مالیت 3 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ ایڈیشنل کلکٹر باسط حسین کے مطابق، ان لانچوں کو کسٹمز ایکٹ کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے، اور ایرانی ڈیزل کو اے ایس او گودام منتقل کیا گیا ہے۔
اس کارروائی کے دوران سمندری راستوں سے ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ کرنے والے گروہ کی نشاندہی کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کو توڑا جا سکے۔