اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے اپنی سہولت کاری پیش کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس عمل میں مدد کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اختلافات کو ختم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے، اور اس مقصد کے لیے ان کا دفتر ہر وقت دستیاب ہے۔
ایک بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا، "حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تلخیوں کو دور کرنے کے لیے مذاکرات کا عمل ضروری ہے، اور میں اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔ میرا دفتر اور گھر ہمیشہ کھلا ہے تاکہ سیاسی جماعتیں آپس میں بات چیت کر سکیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ایوان میں گزشتہ روز ہونے والی بحث خوش آئند تھی، اور میں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔"
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسمبلی کے فلور پر مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی۔ اسپیکر نے کہا کہ وہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہیں تاکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت کے دروازے کھلے رہیں۔