سندھ حکومت کا کمرشل اور نجی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے متعلق اہم فیصلہ

04:22 PM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے کمرشل اور نجی گاڑیوں کے لیے نئی نمبر پلیٹس کی پالیسی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ان گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کا ڈیزائن تبدیل کیا جائے گا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق، تمام نجی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سفید رنگ میں ہوں گی اور ان پر سندھی اجرک کے ڈیزائن کا استعمال کیا جائے گا، جب کہ کمرشل گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پیلے رنگ کی ہوں گی، جن پر بھی سندھی اجرک کا ڈیزائن ہوگا۔ یہ تبدیلی 3 اپریل 2025 سے نافذ العمل ہوگی اور اس کے بعد نجی گاڑیوں پر پیلی اور کمرشل گاڑیوں پر کالی نمبر پلیٹس ناقابل قبول ہوں گی۔

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد گاڑیوں کی شناخت کو یکساں بنانا اور ان کی حفاظت کو مزید بہتر بنانا ہے۔

اس کے ساتھ ہی، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) نے پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر ای-آکشن سسٹم متعارف کرایا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے شہری اب اپنے گھروں سے ہی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی بولی لگا سکتے ہیں۔ موٹر سائیکل اور موٹر کار کی نمبر پلیٹس کی نیلامی 31 دسمبر 2024 تک جاری رہے گی۔

ای-آکشن سسٹم کے تحت بولی کے نتائج اور تفصیلات ای-آکشن ایپ پر براہ راست دستیاب ہوں گی، تاکہ کامیاب بولی لگانے والے افراد کو فوری معلومات فراہم کی جا سکے۔

مزیدخبریں