انسٹاگرام پر اب ڈی ایمز شیڈول کرنا ممکن، نیا فیچر متعارف

04:06 PM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کو شیڈول کرنے کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ یہ فیچر اب تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے اور اسے استعمال کرنا انتہائی آسان ہے۔

یہ فیچر صارفین کو کسی بھی میسج کو مخصوص تاریخ اور وقت پر بھیجنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ میسج بھیجنے کے دوران سینڈ بٹن کو کچھ دیر تک دبانے پر "شیڈول" کا آپشن ظاہر ہوگا، جس کے بعد صارف تاریخ اور وقت منتخب کر سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، صارفین 29 دن تک کے لیے میسجز شیڈول کر سکتے ہیں اور جب تک میسج سینڈ نہیں ہوتا، چیٹ ونڈو پر اس میسج کا شیڈول ہونے کا بینر نظر آئے گا۔

یہ فیچر خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو اپنے دوستوں کی سالگرہ کے پیغامات یا کسی خاص دن کی یاد دہانیوں کو شیڈول کرنا چاہتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹاگرام نے ابھی تک صارفین کو پوسٹس اور ریلز شیڈول کرنے کی سہولت نہیں دی ہے، یہ فیچر صرف پروفیشنل اکاؤنٹس رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب ہے۔

اس کے علاوہ، انسٹاگرام نے اسٹوریز کے لیے ایک نیا کولاج ٹول بھی متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو سال بھر کے یادگار لمحات شیئر کرنے میں مدد دے گا۔ نئے سال کی تقریبات کے حوالے سے ایڈ یورز ٹیمپلیٹس بھی دستیاب ہوں گے، جنہیں استعمال کر کے صارفین 2024 کا آغاز اور اختتام شیئر کر سکتے ہیں۔

انسٹاگرام نے اسٹوریز، ریلز اور فیڈ پوسٹس کے لیے نیو ایئر فونٹس اور کاؤنٹ ڈاؤن ٹیکسٹ ایفیکٹس بھی متعارف کرائے ہیں، جو صارفین کو اپنے مواد میں مزید تخلیقی انداز شامل کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔

مزیدخبریں