بجلی کی قیمت میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان

01:59 PM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نومبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا (قومی بجلی ریگولیٹری اتھارٹی) میں جمع کرادی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر 31 دسمبر 2024 کو سماعت کرے گا۔

ذرائع کے مطابق، سی پی پی اے کی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ 7 ارب 71 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جس کی مجموعی پیداواری لاگت 55 ارب 76 کروڑ روپے رہی۔ مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کی گئی جن میں ایل این جی سے 23 روپے 20 پیسے فی یونٹ، ایران سے درآمد کی جانے والی بجلی کی لاگت 27 روپے 15 پیسے فی یونٹ، کوئلہ سے 14 روپے 92 پیسے فی یونٹ اور نیوکلیئر ذرائع سے صرف 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ تھی۔

سی پی پی اے کے مطابق، گزشتہ ماہ کی اوسط پیداواری لاگت 7 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔ اس درخواست پر نیپرا کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا فائدہ مل سکتا ہے۔یاد رہے کہ نیپرا نے اس سے قبل مسلسل 4 بار بجلی کی قیمتوں میں کمی کی تھی، اور اب پانچویں بار قیمتوں میں کمی کی درخواست پر سماعت کی جائے گی۔

مزیدخبریں