وزیراعظم شہبازشریف 3 روزہ سرکاری دورے پر مصر روانہ

وزیراعظم شہبازشریف 3 روزہ سرکاری دورے پر مصر روانہ

اسلام آ باد : وزیراعظم پاکستان، شہبازشریف، تین روزہ سرکاری دورے پر مصر روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ قاہرہ میں منعقد ہونے والے ڈی 8 ممالک (D-8) کے 11 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف روزگار کی فراہمی، جدت کے فروغ اور مقامی کاروبار کی ترویج کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔ وہ نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے طبقے کے کاروبار (SMEs) میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کریں گے تاکہ ایک مضبوط اور شراکت داری پر مبنی معیشت قائم کی جا سکے۔

وزیراعظم اجلاس میں D-8 کے اصولوں پر عملدرآمد اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر زور دیں گے، خاص طور پر زراعت، غذائی تحفظ اور سیاحت کے میدان میں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی معاشی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں تاکہ وہ معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

اس کے علاوہ، وزیراعظم مشرق وسطی کی صورتحال اور اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی بحران پر بھی بات کریں گے۔ D-8 کے خصوصی اجلاس میں غزہ اور لبنان میں بحالی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، اور وزیراعظم پاکستان فلسطین کے حوالے سے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کریں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران دیگر ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں