دبئی میں ڈرون کے ذریعے ڈیلیوری سسٹم کا آغاز

دبئی میں ڈرون کے ذریعے ڈیلیوری سسٹم کا آغاز

دبئی : دبئی سلیکون اویسس (DSO) میں اب رہائشی اور کاروباری افراد اپنے گھر بیٹھے کھانے پینے کا سامان، ادویات یا دیگر ضروری اشیاء ڈرون کے ذریعے منگوا سکتے ہیں۔ دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کے پہلے ڈرون ڈیلیوری سسٹم کا باضابطہ آغاز کیا۔

شیخ حمدان بن محمد نے روچیسٹر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی-دبئی (RIT-Dubai) کے پلیٹ فارم سے ڈرون ڈیلیوری سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے پہلا آرڈر دیا، جو کامیابی سے اپنی منزل پر پہنچا۔ یہ ڈرون شہر کے مختلف علاقوں میں کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں اور ان میں کم شور والے پنکھے، پیراشوٹ اور فلائٹ کنٹرول سسٹم موجود ہیں۔

اس تقریب میں وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اکانومی اور ریموٹ ورک ایپلی کیشنز، عمر بن سلطان ال اولامہ بھی شریک ہوئے۔ گزشتہ کچھ مہینوں کے دوران دبئی سلیکون اویسس میں ڈرون ڈیلیوری آپریشنز کے پائلٹ منصوبے کامیابی سے چلائے گئے، جنہیں دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی (DCAA) اور Keeta Drone کے تعاون سے عملی جامہ پہنایا گیا۔

ڈی سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد عبداللہ لنجوی نے کہا کہ 2030 تک دبئی کے 33 فیصد حصوں میں ڈرون ڈیلیوری کی سہولت پہنچ جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور نجی اداروں کے تعاون سے ہوا بازی کے شعبے میں نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں