لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری سکولز کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں

11:39 AM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کے سرکاری سکولز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورس کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کو مسترد کر دیا۔ جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں بنچ نے اعتراز احسن سمیت دیگر درخواست گزاروں کی پٹیشنز پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ پنجاب حکومت کا سرکاری سکولز کو پرائیویٹ کرنے کا فیصلہ قانونی طور پر درست نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سرکاری سکولز کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا تو اس سے فیسوں میں اضافہ ہو جائے گا، جس سے غریب بچے سرکاری سکولز کی بنیادی تعلیم سے محروم ہو جائیں گے۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

دوسری جانب سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بند سرکاری سکولز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، تاہم یہ سکولز پنجاب حکومت کے زیر اہتمام رہیں گے اور حکومت کی نگرانی میں کام کریں گے۔ آخرکار، لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری سکولز کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

مزیدخبریں