لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کا 53 واں یوم شہادت

10:52 AM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : آج پاک فوج کے ہیرو، لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کا 53 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے۔ 18 دسمبر 1971ء کو دشمن کے سامنے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محمد محفوظ کو پاک فوج کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز "نشان حیدر" سے نوازا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے شہید لانس نائیک محمد محفوظ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی بہادری اور حب الوطنی کی مثال آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔

لانس نائیک محمد محفوظ 25 اکتوبر 1944ء کو ضلع راولپنڈی کے علاقے پنڈ ملکاں محفوظ آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1962ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی اور 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران 10 پنجاب رجمنٹ کے ساتھ واہگہ اٹاری سیکٹر میں دشمن کا مقابلہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، لانس نائیک محمد محفوظ کا یوم شہادت مسلح افواج کے غیر معمولی جذبے، جرات اور بے لوث قربانی کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ واہگہ بارڈر پر ان کا بے خوف حملہ اور دشمن کی پوزیشنوں کو نشانہ بنانا ان کی شجاعت اور عزم کا غماز ہے، جو آج بھی ہماری فوج کے ناقابل تسخیر جذبے کی علامت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ شہید لانس نائیک محمد محفوظ کی قربانی اور بہادری کی داستان ہماری تاریخ کا روشن باب ہے، اور ان کے یوم شہادت پر ہم ان کی عظمت کو یاد کرتے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

مزیدخبریں