لاہور : محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسم کی تبدیلی کی پیشگوئی کی ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، شام یا رات کے وقت بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی محسوس ہو گی۔ قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ اور ان کے گرد و نواح میں جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بالائی اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، لیکن مری، گلیات اور گرد و نواح میں شدید سردی اور ابر آلود موسم کے علاوہ شام یا رات کے وقت ہلکی بارش یا بونداباندی ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا سامنا ہو گا۔ شام یا رات کے وقت چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور ابر آلود رہے گا، اور چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔