اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو مصر روانہ، جنگ بندی معاہدہ کے امکانات بڑھ گئے

10:42 AM, 18 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم  نیتن یاہو مصر روانہ ہوگئے ہیں، جس کے بعد غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے امکانات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسیوں نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیتن یاہو قاہرہ میں جنگ بندی مذاکرات کے لیے پہنچے ہیں اور آئندہ چند روز میں معاہدہ طے پانے کی توقع ہے۔ اگرچہ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے مصر جانے کی تصدیق نہیں کی، لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق دفتر نے اس دورے کے بارے میں خاموشی اختیار کی ہے۔

 اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ نیتن یاہو اس وقت مصر میں نہیں ہیں، لیکن ان کے دورے کی خبریں مسلسل گردش میں ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس بھی آئندہ دنوں میں مصر کا دورہ کریں گے، جس کے دوران ممکنہ طور پر جنگ بندی معاہدے پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نئی شرائط عائد کرنا بند کردے تو جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے جس کے نتیجے میں 45,059 فلسطینی شہید اور 107,041 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان حملوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں