غزہ : جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں ایک عمارت کے گرنے کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں صیہونی فوج کا ریزرو میجر اور ریزرو اسٹاف سارجنٹ شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ جس عمارت میں فوجی موجود تھے، وہ پرانی اور خستہ حال تھی، اور تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا اسرائیلی ٹینکوں اور بلڈوزرز کی آمد و رفت نے عمارت کو منہدم کیا یا نہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی لڑائی میں اب تک 818 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 386 غزہ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ، گزشتہ ایک سال کے دوران 5,490 اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے اسرائیلی فوج پر حملے جاری ہیں، جس سے علاقے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔