عبدالفتح السیسی  کی لگاتار تیسری  کامیابی ، 89.6 فی صدووٹ  حاصل کرکے صدر منتخب

07:54 PM, 18 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

قاہرہ: عبدالفتح السیسی   نے لگاتار تیسری  کامیابی حاصل کرلی، 89.6 فی صدووٹ  حاصل کرکے صدر منتخب ہوگئے۔  مصر کے صدر عبدالفتح السیسی انتخابات میں ایک مرتبہ بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے لگاتار تیسری مرتبہ ملک کے صدر منتخب ہو گئے ۔الیکشن کمیشن نے سیسی کی انتخابات میں فتح کا اعلان کیا جہاں انہوں نے الیکشن میں 89.6 فیصد ووٹ حاصل کیے ۔

مصر کے صدارتی انتخابات 10 سے 12دسمبر تک جاری رہے جس میں سیسی کے مدمقابل تین غیرمعروف امیدوار کھڑے ہوئے جنہیں توقعات کے عین مطابق بدترین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

مصر کی نیشنل الیکشن اتھارٹی کے سربراہ ہاضم بداوے کا کہنا ہے کہ  انتخابات میں 66.8فیصد افراد نے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ 3کروڑ 97 لاکھ لوگوں نے عبدالفتح السیسی کے حق میں ووٹ دیا۔

دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار اور ریپبلیکن پیپلز پارٹی کے امیدوار ہاضم عمر کو کل 4.5 فیصد ووٹ ملے۔ سیسی  کے  کی صدارت کی نئے مدت کا آغاز اپریل سے ہو گا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سیسی کی کامیابی خلاف توقع نہیں حالانکہ ان کے دور میں مصر کو تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا جبکہ غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے بھی سرحد پر بے انتہا تناؤ ہے اور بڑی تعداد میں مہاجرین کے آنے سے مصر پر دباؤ پڑنے کا اندیشہ ہے۔

مزیدخبریں