لاہور:مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ شاہی قلعہ کی بجائے کرتارپور صاحب میں نصب کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کامجسمہ شاہی قلعہ میں نصب کیاگیا تھا لیکن اب یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ اس کو کرتا ر پور صاحب میں نصب کیاجائے گا۔
مہاراجہ رنجیت سنگھ کا یہ مجسمہ جون 2019 میں ان کی 180 ویں برسی کے موقع پر لاہور کے شاہی قلعہ میں نصب کیا گیا تھا تاہم اس کونقصان پہنچایاگیاتھا۔
ڈھائی سے ساڑھے 300 کلو وزنی اس مجسمے کو شاہی قلعے میں رانی جنداں کی حویلی کے سامنے نصب کیا گیا تھا۔ یہ مجسمہ سکھ ہسٹورین بوبی سنگھ بنسال کی جانب سے تحفے میں دیا گیا تھا جو برطانیہ کی ایس کے فاؤنڈیشن کے صدر ہیں۔ کانسی کے اس مجسمے میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کو ایک عربی گھوڑے جس کا نام ’کیف بہار‘ تھا، پر سوار دکھایا گیا ہے۔
یہ خوبصورت شاہکار فقیرخانہ میوزیم کے ڈائریکٹر فقیرسیف الدین کی نگرانی میں تیار کیا گیا تھا تاہم ستمبر 2020 اور پھر اسی سال دسمبر میں اس مجمسے کو نقصان پہنچایاگیا تھا۔ مجسمے کی مرمت کے بعد اسے دوبارہ نصب کیا گیا تھا لیکن پھر اگست 2021 میں تیسری بار مجسمے کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا تھا۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے مجسمے کی ایک بار پھر مرمت کروائی تاہم اتھارٹی گزشتہ دو سال سے شاہی قلعہ میں اسکی دوبارہ تنصیب کا فیصلہ نہیں کر پا رہی تھی ۔ تاہم اب مہا راجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو گوردوارہ دربارصاحب کرتار پور میں درشن پوائنٹ کے قریب نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجسمے کو کس طرح نصب کیا جائے گا اس حوالے سے آئندہ چند ہفتوں میں فیصلہ کیا جائے گا۔