ملتان: صوفیوں کے شہر ملتان کے ایک اسکول کی پرنسپل بینش سعید نے رواں ماہ ایشیا ایجوکیشن کنکلیو کے 'پرنسپل آف دی ایئر' کا ایوارڈ جیت لیا۔
ایشیا ایجوکیشن کنکلیو ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو شاندار اساتذہ اور معلمین کی کوششوں کو تسلیم کرتا ہے۔ بینش سعید کا تعلیم میں دو دہائیوں کا سفر ہے، وہ اس وقت ملتان کے کینٹ پبلک اسکول اینڈ کالج میں بطور پرنسپل خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے ایشیاکے پندرہ ممالک کے 2085 مرد اور خواتین امیدواروں میں سے یہ ایوارڈ جیتا ہے۔ ایشیا ایجوکیشن کنکلیو نے انسٹاگرام پر بینش کو سال کی بہترین پرنسپل کا ایوارڈ وصول کرنے پر سراہا۔
بینش سعید کے وسیع پس منظر میں ایک استاد، کوآرڈینیٹر، ٹرینر اور منتظم کے کردار شامل ہیں۔ پرنسپل، جنہوں نے تعلیم میں ایم فل اور زولوجی میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی ہے، فی الحال تعلیم میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ ان کی کامیابیاں آئی ٹی برانچ آٹومیشن، کتابوں کے جائزے اور مونٹیسوری اساتذہ کی تربیت میں سرٹیفیکیشن پر محیط ہیں۔
بنیش سیعد نے اس حوالے سے کہا کہ یہ ایوارڈ نہ صرف ان کے اور ان کے خاندان کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک اعزاز ہے، اور اسے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی نظام تعلیم پر اعتماد کا اظہار قرار دیا۔