اسلام آباد : حکومت پاکستان نے ملک بھر میں امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر آل صباح کی وفات پر آج ( 18 دسمبر) ایک روزہ قومی یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے حکم کے مطابق پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے امیر کویت کی وفات پر کویتی عوام اور آل صباح خاندان سے یکجہتی کے لئے 18 دسمبر کو یوم سوگ منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ امیر کویت کی وفات پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے آل صباح خاندان، حکومت اور کویتی عوام سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کے لئے کویت کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ کویت کے امیر شیخ نواف ال احمد الصباح ہفتہ کو علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ امیر نواف الاحمد الجابر الصباح کو اتوار کو صلبیخات قبرستان میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔
کویتی کابینہ نے شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے تین دن تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا جبکہ ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا نیا امیر مقرر کردیا ہے۔