جنرل باجوہ ہمارے محسن ہیں ، عمران خان کو محسنوں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے ،چودھری پرویز الٰہی

03:17 PM, 18 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور :وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی  جنرل قمر جاوید باجوہ کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا  ہے جنرل باجوہ ہمارے محسن ہیں،محسنوں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے،جب خان صاحب جنرل باجوہ کے خلاف بات کررہے تھے، تو مجھے بہت برا لگا ،جنرل باجوہ کے  ان پر بہت احسانات ہے عمران خان احسان فراموشی نہ کریں ۔

چودھری پرویز الٰہی نے دو ٹوک الفاظ میں عمران خان کو خبردار کیا کہ  جنرل  باجوہ کے خلاف اب اگر بات کی گئی تو سب سے پہلے میں بولوں گا،میری ساری پارٹی بولے گی۔ جنرل فیض نے بہت زیادتیاں کیں وہ ہمارے خلاف تھے،میں نے جنرل باجوہ کوفیض کے بارے میں بتایا توفیض نے کہا کہ عمران خان کا حکم ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان تو مونس کو ساتھ نہیں بٹھاتے تھے،اس کے باوجودہم نے عمران خان کا بھرپور ساتھ دیا،جب عمران خان نے کہا کہ اسمبلی توڑ دو تو ہم نے فوراً حامی بھر لی، ہم عمران خان اورپی ٹی آئی کے مخالف نہیں ساتھی ہیں  لیکن اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔ 

مزیدخبریں