کراچی : سندھ میں منہ کے سرطان کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ۔
پاکستان خصوصاً سندھ میں گٹکا، پان اور چھالیہ کا استعمال بڑھ جانے کی وجہ سے منہ کے سرطان کے کیسز تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔
لیاقت میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز جامشورو میں 3 روزہ انٹرنیشنل اکیڈمک ریسرچ سمٹ میں ملکی و غیر ملکی طبی ماہرین شعبہ طب میں نئی تحقیق اور جدید طریقہ علاج کے حوالے سے اپنے ریسرچ آرٹیکل پیش کئے ہیں۔
سمٹ کے دوسرے روز پروفیسر ڈاکٹر اقبال خیانی، پروفیسر ڈاکٹر مشتاق میمن اور دیگر کا کہنا تھا کہ اورل کینسر کی شروعات میں تشخیص سے علاج بہتر ہوجاتا ہے۔
لمس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اجن کا کہنا تھا کہ سمٹ میں دنیا بھر طبی ماہرین آئے ہوئے ہیں جو اپنے تجربات اور ریسرچ ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ریسرچ سمٹ کے انعقاد سے علاج کے بہتر اور جدید طریقوں سے آگہی ہوتی ہے۔