اوآئی سی وزرائے خارجہ کا آج اہم اجلاس ،اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا

اوآئی سی وزرائے خارجہ کا آج اہم اجلاس ،اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا

اسلام آباد:  اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائےخارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے تمام ممبران اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ 

 

اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے استقبال کے لیے پارلیمنٹ کی راہداری میں ریڈ کارپٹس بچھا دیے گئے ہیں۔

 

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی کو برقی قمقموں اور پھولوں سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔

پارلیمنٹ کو دیدہ زیب بنانے کے لیے تزین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا ہے اور آج یہاں پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوگا۔

 

اجلاس میں شرکت کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک کے نمائندوں کے علاوہ افغانستان کے لیے تعینات مختلف ممالک کے نمائندہ گان خصوصی بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں

او آئی سی کا 17واں  وزرا ئے خارجہ کا خصوصی اجلاس سعودی عرب کی دعوت پر بلایا  گیا ہے اور اس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔ 

 اجلاس میں افغانستان میں جاری انسانی بحران اور عنقریب قحط کی صورتحال جیسے معاملات زیر بحث آئیں گے ۔ اقوام متحدہ کے مطابق، تقریباً دو کروڑ تیس لاکھ افغان آخری درجے کے فاقوں سے دوچار ہوسکتے ہیں۔