راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے جبکہ افغانستان میں انسانی المیہ پیدا ہونے سے قبل ہی اقدامات کرنا ہوں گے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ مسز رتنو لیستاری پرینساری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی جبکہ افغانستان میں امدادی کاموں میں تعاون اور شراکت داری پر غور کرنے کیساتھ ساتھ باہمی دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں انڈونیشیا کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پرامن افغانستان اور مفاہمتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیہ پیدا ہونے سے قبل اقدمات کرنا ہوں گے، سنجیدہ اور منظم کوششوں سے ہی افغانستان میں انسانی بحران سے بچا جا سکتا ہے۔
جنر قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کی ضمانت ہے، پاکستان جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کیلئے تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
جنوبی ایشیاءمیں استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے: آ رمی چیف
06:43 PM, 18 Dec, 2021