لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب کے شہریوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری سے لاہور اور 31 مارچ تک پنجاب کے تمام 3 کروڑ خاندانوں کو "نیا پاکستان صحت کارڈ" کی سہولت مل جائے گی، جس سے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے سالانہ تک کے مفت علاج کی سہولت دستیاب ہو گی اور وہ پینل پر موجود کسی بھی پرائیویٹ یا سرکاری ہسپتال سے اپنا علاج مفت کروا سکیں گے۔
یکم جنوری سے لاہور اور 31 مارچ تک پنجاب کے تمام 3 کروڑ خاندانوں کو "نیا پاکستان صحت کارڈ" کی سہولت مل جائے گی، جس سے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے سالانہ تک کے مفت علاج کی سہولت دستیاب ہو گی اور وہ پینل پر موجود کسی بھی پرائیویٹ یا سرکاری ہسپتال سے اپنا علاج مفت کروا سکیں گے pic.twitter.com/7lD2J9Ly1E
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) December 18, 2021
نمائندنیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف حکومت آخر کار اپنے فلاحی منشور کی جانب ایک قدم اورآگے بڑھانے میں کامیاب ہو گئی ہے ،وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مشترکہ کاوش سے صوبہ میں نیا پاکستان صحت کارڈ کا افتتاح کر دیا گیاہے۔
صحت کی سہولیات ہر دور میں ہر شہری کی ضرورت رہتی ہیں ،روٹی کپڑے اور مکان کے بعد تعلیم اور صحت کی سہولت آج کے شہری کی بنیادی ضرورت ہے،مہنگے علاج کیلئے غریب شہریوں کو اکثر قرض اٹھانا پڑتا تھا بعض لوگ تو قرض نہ ملنے پر سود پر روپیہ حاصل کر کے تمام عمر کیلئے خود کو اور اپنے خاندان کو عذاب میں مبتلا کر لیتے ہیں۔
سرکاری ہسپتالوں میں اگرچہ علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب ہیں لیکن مہنگی ادویہ کی ہسپتالوں میں عدم فراہمی اور ادویہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عام شہری بھی موذی اور جان لیوا بیماریوں کا علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتا جس کی وجہ سے متعدد افراد جان سے چلے جاتے ہیں۔
صحت کارڈ ملنے کے بعد کارڈ رکھنے والا شہری ہر سال منظور شدہ ہسپتالوں سے دس لاکھ روپے تک سرکاری خرچ پر علاج کی سہولت حاصل کر سکے گا۔