لاہور: پاکستان کر کٹ بورڈ (پی سی بی) نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر جنوری میں شیڈول پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ہر ممکن حفاظت کیلئے کراچی اور لاہور میں پورے ہوٹل بک کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے دوران کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوئے جس کے باعث لیگ کو ملتوی کرنا پڑا اور بعد ازاں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اسے مکمل کیا گیا تاہم اس مرتبہ کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے پورے ہوٹل بک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کا عملہ بھی بائیو ببل میں رہے گا۔
اس موقع پر انہوں نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کا اس میں کوئی قصور نہیں کیونکہ ہمارے ایس او پی عالمی معیار کے تھے اور کسی طرح کی کوئی کوتاہی بھی نہیں برتی گئی، اگر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو 14 دن کیلئے قرنطینہ اختیار کروا دیتے تو بھی میچز نہیں ہو سکتے تھے۔
سلمان نصیر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں تماشائیوں کی عدم موجودگی اور عدم دلچسپی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تماشائیوں کی سٹیڈیم میں آنے کے حوالے سے بعض مشکلات اور شکایات سامنے آئی ہیں، تماشائیوں کی آمد میں سیکیورٹی چیک زیادہ ہیں جس کے باعث عوام کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے جبکہ سیریز کی پروموشن اور مارکیٹنگ کے معاملے میں بھی بہتری لانا ہو گی۔
انہوں نے مستقبل میں ان مسائل کو دور کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہونے والے انٹر نیشنل مقابلوں میں تماشائیوں کے حوالے سے معاملات بہتر بنانے کی کوشش کریں گے اور ٹکٹوں کے حصول کیلئے بھی آسان طریقہ کار اختیار کیا جائے گا ، اس مقصد کیلئے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کیساتھ بوتھ بھی قائم کئے جائیں گے۔