ڈی آئی خان : اے این پی کا تحصیل میئرشپ کا امیدوار قتل

10:39 AM, 18 Dec, 2021

نیوویب ڈیسک

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا  کے شہر  ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کے تحصیل میئر شپ کیلئے امیدوار  عمر خطاب شیرانی فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہو گئے۔

 ابتدائی اطلاعات کے مطابق  عمر خطاب شیرانی ماڈل ٹاؤن   میں اپنے گھر جارہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔

پولیس ذرائع کا بتا نا ہے کہ اے این پی رہنما کو  گھرکے نزدیک  قاتلانہ حملے کا نشانہ بنایا  گیا،  مسلح افراد کی فائرنگ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔پولیس نے اے این پی رہنما عمر خطاب شیرانی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کر دی ہے۔

ڈی پی او  کا کہنا ہے  کہ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔

 

واقعے سے متعلق ورثا کا کہنا ہے کہ مقتول کی کسی سے دشمنی نہیں تھی ، انہیں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا  ۔
https://twitter.com/ANPMarkaz/status/1472066597934219264?s=20
عوامی نیشنل پارٹی نے افسوسناک واقعے کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈیرہ اسماعیٰل خان کے صدر اور نامزد امیدوار برائےتحصیل مئیرعمر خطاب شیرانی کو گذشتہ شب اس وقت شہید کیا گیا جب وہ انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ 
دوسری جانب واقعے کے خلاف اے این پی کے کارکنان نے ٹاؤن ہال کے باہر احتجاج شروع کردیا ہے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کررہے ہیں ۔

مقامی سطح پر ذرائع ابلاغ میں آئی خبروں کے مطابق صوبے کے سترہ اضلاع میں کوئی دو ہزار سے زیادہ امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں اور ان میں آٹھ سو سے زیادہ خواتین ہیں۔ صوبے کے سترہ اضلاع میں چیئرمین یا میئر کی نشست سے لے کر کونسلر تک کی تمام نشستوں کے لیے کل 37 ہزار سے زیادہ امیدوارمیدان میں ہیں۔ امیدواروں میں چیئرمین یا میئر کے علاوہ جنرل کونسلر، یوتھ کونسلر، کسان کونسلر، اقلیت کونسلر، لیبر اور خواتین کونسلر کی نشستیں شامل ہیں۔

 واضح رہے کہ خیبر پختونخوا  میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن مہم کا آج آخری دن ہے اور اپنی جیت کیلئے امیدوار بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ صوبے کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو  بلدیاتی انتخابات کا میدان سجے گا۔

مزیدخبریں