ممبئی: بالی وڈ میں 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں کئی بڑے فنکاروں کے نام سامنے آگئے ۔ زیرحراست معروف ٹھگ سکیش چندرشیکھر نے تحقیقات میں بالی وڈ کے کئی اداکاروں سے تعلقات کا انکشاف کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق تہاڑ جیل سے 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کے میں سکیش چندر شیکھر نے فلم اداکارہ شلپا شیٹھی ، شردھا کپور ، فلم اداکار ہرمن بابیزا جیسے بڑے ناموں کا ذکر کیا ہے ۔ سکیش چندر شیکھر نے بتایا کہ وہ بالی ووڈ اداکارہ شردھاکپور کو سال 2015 سے جانتا ہے، ساتھ ہی اس نے این سی بی معاملے میں شردھا کپور کی مدد کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
مہا ٹھگ سکیش نے اپنے بیان میں تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ وہ شلپا شیٹھی سے بھی رابطے میں تھا اور فحش فلمیں بنانے کے سکینڈل میں پھنسے راج کندرا کو قانونی مدد دلانے کا بھی وعدہ کیا تھا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چارج شیٹ میں سکیش چندر شیکھر نے دعویٰ کیا کہ وہ ہرمن بابیزا کو بھی اچھی طرح جانتا ہے اور کارتک آریان کے ساتھ فلم " کیپٹن " بنانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا ۔
یاد رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو سکیش چندرشیکھر منی لانڈرنگ تفتیش کے دوران جیکلین فرنانڈس اور سکرپٹ رائٹر ادھیتا کالا کے درمیان ہوئی بات چیت کے کچھ ثبوت ہاتھ لگے تھے۔ فلم رائٹر ادھیتا کالا اور اداکار ہ جیکلین کے درمیان یہ بات چیت واٹس اپ پر ہوئی تھی، جس کی چیٹس ڈیٹیل ای ڈی کے ہاتھ لگ چکی ہیں ۔ جولائی میں جیکلین نے رائٹر ادھیتا کالا کو ایک واٹس اپ کیا، جس میں جیکلین نے ادھیتا کالا سے اس کی ای میل آئی ڈی مانگی جس کے بعد ان کے تعلقات بن گئے ۔